گلِ بوستانِ نبی غوثِ اعظم
مہِ آسمانِ علی غوثِ اعظم
جسے چاہے کر دے عطا سربلندی
ملی ہے تجھے خُسروی غوثِ اعظم
ولی ہو گیا وہ اشارے سے تیرے
سدا جس نے کی رہبری غوثِ اعظم
بڑھا ہاتھ تیری طرف مفلسوں کا
نظر تیری جانب اٹھی غوثِ اعظم
ولی بن گئے دم میں فُسّاق و رہزن
نظر تیری جب پڑ گئی غوثِ اعظم
ولی قُطب و ابدال و اوتاد و کامل
کریں تجھ سے کیا ہمسری غوثِ اعظم
تو وہ گل ہے باغِ حسین و حسن کا
کہ بو تیری سب میں بسی غوثِ اعظم
قدم کیوں نہ لیں اولیا چشم و سر پر
کہ ہیں والی ہر ولی غوثِ اعظم
خدا تک نہ کیونکر ہو اُس کی رسائی
کرے جس کی تو رہبری غوثِ اعظم
تو ہے شیخِ کل اور سب تیرے چیلے
تیرے زیرِ پا ہر ولی غوثِ اعظم
ولایت کا ہے مُلک زیرِ حکومت
ملی تجھ کو شاہنشہی غوثِ اعظم
ولایت کرامت کو ہے ناز جن پر
وہ تجھ سے ہوئے ملجی غوثِ اعظم
ملے ہیں ترے جدِ امجد سے تجھ کو
علومِ خفی و جلی غوثِ اعظم
تمہیں سب ہے معلوم تم پر ہے روشن
ہوئی ہے جو حالت مری غوثِ اعظم
ہزاروں الم سر پہ اور میں اکیلا
مری دیکھ لو بے بسی غوثِ اعظم
ہے بگڑی ہوئی آج کل میری قسمت
تو چاہے تو سنبھلے ابھی غوثِ اعظم
بدل دے تو اچھی سے اچھے کا صدقہ
جو ہے مجھ میں خصلت بری غوثِ اعظم
اشارے سے تیری نگاہِ کرم کے
ہزاروں کی بگڑی بنی غوثِ اعظم
مری جھولیاں بھی مرادوں سے بھر دے
سخی ہے تو ابنِ سخی غوثِ اعظم
پھرے در بدر کیوں بھکاری بھٹکتا
ترے گھر میں ہے کیا کمی غوثِ اعظم
تو خونِ شہیداں کے صدقے میں دھو دے
ہوئی مجھ سے جو کچھ بدی غوثِ اعظم
لگا دے سہارا مدد کر خدارا
تلاطم میں کشتی پھنسی غوثِ اعظم
ہو سرسبز شاداب باغِ تمنا
رہے شاخِ دل کی ہری غوثِ اعظم
طفیلِ پیمبر یہی مدعا ہے
کہ ہو سرنگوں مدعی غوثِ اعظم
اگر تیری امداد آئے مدد کو
مقدر کی نکلے سجی غوثِ اعظم
ترے ذکر میں عیش و عزت سے گزرے
جو باقی ہے کچھ زندگی غوثِ اعظم
خدا کے لیے ایسا بے خود بنا دے
کہ مٹ جائے ساری خودی غوثِ اعظم
مرے مولا آ جاؤ دل میں کہ نکلے
جو ہے دل میں حسرت بھری غوثِ اعظم
میں سمجھوں کہ اب جان میں جان آئی
جو آئیں دمِ جاں گنی غوثِ اعظم
ہوں ایمان کے ساتھ دنیا سے رخصت
یہی عرض ہے آخری غوثِ اعظم
سنا لا تخف تیرا فرمانِ عالی
غلاموں کی ڈھارس بندھی غوثِ اعظم
کریں جُبہ سائی جہاں تاج والے
وہ ہے آپ کا آستاں غوثِ اعظم
مٹائے ترے در پہ جو اپنی ہستی
رہے اس کا نام و نشاں غوثِ اعظم
ملے اب تو گلزارِ بغداد مجھ کو
میں بلبل ہوں بے آشیاں غوثِ اعظم
ملے گی ہمیں تیرے دامن کے نیچے
دو عالم میں امن و اماں غوثِ اعظم
دو عالم میں ہے کون حامی ہمارا
یہاں غوثِ اعظم وہاں غوثِ اعظم
ذرا صدقِ دل سے پکارو تو اُن کو
ابھی جلوہ گر ہوں یہاں غوثِ اعظم
نہ ہو مبتلا وہ کبھی رنج و غم میں
کرے جس کو تو شادماں غوثِ اعظم
اگر ذکر میں تیرے گزرے تو بہتر
یہ تھوڑی سی عُمرِ رواں غوثِ اعظم
ملے رنج و افکار سے مجھ کو مہلت
کہ ہوں آپ کا مدح خواں غوثِ اعظم
مرے دم میں جب تک رہے دم رہوں میں
ترے ذکر سے ترِ زباں غوثِ اعظم
دَمِ صورِ مرقد سے کہتا اٹھوں گا
وہاں لے چلو ہیں جہاں غوثِ اعظم
ہمارے قصور و خطا بخشوا کر
دلائیں قصورِ جناں غوثِ اعظم
کیا مرغِ سوکھی ہوئی ہڈیوں کو
یہ رکھتے ہیں تاب و تواں غوثِ اعظم
جمیل اب ہو ساکت مقامِ ادب ہے
کہاں تیرا منہ اور کہاں غوثِ اعظم