سرِخم ہاتھ میرا اٹھا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
(یہ کلام ۸ شوال المکرم ۱۴۳۱ھ کو کمپوز کیا گیا)
سرِخم ہاتھ میرا اٹھا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
فَضل کی رَحم کی التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
قَلب میں یادِ لب پر ثنا ہے میرے ہر درد کی یہ دوا ہے
کون دُکھیوں کا تیرے سوا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
قَلبِ سختی میں حد سے بڑھا ہے بندہ طالب ترے خوف کا ہے
التجائے غمِ مصطفیٰ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
حُبِّ دنیا میں دل پھنس گیا ہے نَفْسِ بدکار حاوی ہوا ہے
ہائے شیطاں بھی پیچھے پڑا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
آہ! بندہ دُکھوں میں گھرا ہے اس کو تیرا ہی بس آسرا ہے
التجائے کرم یاخدا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
تیرا اِنعام ہے یا الٰہی کیسا اِکرام ہے یا الٰہی
ہاتھ میں دامنِ مصطفیٰ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
عِشق دے سوز دے چشمِ نَم دے مجھ کو مٹھے مدینے کا غم دے
واسطہ گنبدِ سبز کا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
ہر گنہ سے بچا مجھ کو مولٰی نیک خَصلت بنا مجھ کو مولٰی
تجھ کو رمضان کا واسطہ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
فَضل کر رَحم کر تو عطا کر اور مُعاف اے خدا ہر خطا کر
واسطہ پنجتنِ پاک کا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
عَفْو و رحمت کا بخشش کا سائل ہوں نہایت گنہگار و غافل
میرا سب حال تجھ پر کھلا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
ہوں بظاہر بڑا نیک صورت کر بھی دے مجھ کو اب نیک سیرت
ظاہر اچھا ہے باطن بُرا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
بے سبب اے خدا کر دے بخشش حشر میں مجھ سے کرنا نہ پرسش
نام غفار مولٰی ترا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
مجھ خطا کار پر بھی عطا کر بے سبب بخش دے رَبِّ اکبر
مجھ کو دوزخ سے ڈر لگ رہا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
نَزع میں رَبِّ غفار تجھ سے موت سے قبل بیمار تجھ سے
طالبِ جلوہِ مصطفیٰ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
قبر میں مجھ کو تنہا لٹا کر چل دیئے ہائے سارے برادر
دل اندھیرے میں گھبرا رہا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
مَغفرت کا ہوں تجھ سے سوالی پھیرنا اپنے در سے نہ خالی
مجھ گنہگار کی التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
میرے مُرشد جو غوثُ الوریٰ ہیں شاہ احمد رضا رہنما ہیں
یہ ترا لُطف تیری عطا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
نارِ دوزخ سے مجھ کو اماں دے مغفرت کر کے باغِ جناں دے
کر دے رحمت مری التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
واسطہ تجھ کو پیارے نبی کا اور اَصحاب و آلِ نبی کا
بخشش دے مجھ کو یہ التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
یا خدا ماہِ رمضاں کے صدقے سچی توبہ کی توفیق دیدے
نیک بن جاؤں جی چاہتا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
ذَرّہ عصیاں مٹا یا الٰہی دیدے کامل شفا یا الٰہی
تجھ سے بیمار کی التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
جو ہیں بیمار صحت کے طالب ان پہ فرما کرم ربِ غالب
تجھ سے رَحم و کرم کی دُعا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
میں نے مانا کہ سب سے بُرا ہوں کس کا ہوں؟ تیراہوں میں ترا ہوں
ناز رَحمت پہ مجھ کو بڑا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
عیب دنیا میں تو نے چھپائے حشر میں بھی نہ اب آنچ آئے
آہ! نامہ مرا کھل رہا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
عُمر بدیوں میں ساری گزاری ہائے! پھر بھی نہیں شرمساری
بخششِ مَحجوب کا واسطہ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
وِردِ لب کلمہِ طیّبہ ہو اور ایمان پر خاتمہ ہو
آ گیا ہائے! وَقتِ قضا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
یا خدا ایسے اَسباب پاؤں کاش مکے مدینے میں جاؤں
مجھ کو اَرمان حج کا بڑا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
آہ! رنج و اَلم نے ہے مارا یا الٰہی مجھے دے سہارا
ایک غمگین دل کی صدا ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
میری جان آفتوں سے چھڑانا مُوذی اَمراض سے بھی بچانا
تجھ کو صِدّیق کا واسطہ ہے یا خدا تجھ سے میری دُعا ہے
تو عطا حلم کی بھیک کر دے میرے اخلاق بھی ٹھیک کر دے
تجھ کو فاروق کا واسطہ ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
گو یہ بندہ نکما ہے بیکار اس سے لے فضل سے رب غفار
کام وہ جس میں تیری رضا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
تیرے پیارے کی دکھیاری اُمت پر ہے سیلاب کی آئی آفت
رحم کر بس ترا آسرا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
ہر طرف سے بلاؤں نے گھیرا آفتوں نے لگایا ہے ڈیرا
تُو ہی اب میرا حاجت روا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
اُس کی جھولی مرادوں سے بھر دے اُس کے حق میں جو بہتر ہو کر دے
جس نے مجھ سے دعا کا کہا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
عشقِ احمد میں آنسو بہاؤں حُبِ دنیا سے خود کو بچاؤں
ایسی توفیق دے التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
میری دشمن سے فرما حفاظت دین و ایماں بھی رکھنا سلامت
مدینہ
دشت بستہ مری التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
مہرباں تُو ہی، تُو ہی مددگار اُس دکھی دل کا تُو حامی کار
جس کو دُنیا نے ٹھکرا دیا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
سخت گوئی کی مٹ جائے خصلت نرم گوئی کی پڑ جائے عادت
واسطہ خُلقِ محبوب کا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
سُنّتوں کی کروں خوب خدمت ہر کسی کو دُوں نیکی کی دعوت
نیک میں بھی بنوں التجا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
قافلوں میں سفر کی ہو کثرت ہم سے یوں دین کی لے لے خدمت
عاجزانہ الہیٰ دعا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
میری بک بک کی عادت مٹا دے اور آنکھیں حیا سے جھکا دے
صدقہ عثمان کا جو باحیا ہے یا خدا تجھ سے میری دعا ہے
یا الہیٰ کر ایسی عنایت
دے دے ایماں پر استقامت
تجھ سے عطّار کی التجا ہے
یا خدا تجھ سے میری دعا ہے